ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمار سوامی نے وعدہ فراموش کیا ہے:یڈیورپا

کمار سوامی نے وعدہ فراموش کیا ہے:یڈیورپا

Tue, 03 Jul 2018 11:37:19    S.O. News Service

بنگلورو،3؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر بی ایس یڈیورپانے آج ودھان سودھا میں اپوزیشن لیڈر کے دفتر اپنا کام کاج شروع کردیا۔ ریاستی لیجسلیچر اجلاس سے گورنر کے خطاب سے قبل یڈیورپا نے ودھان سودھا کی پہلی منزل پر واقع اپوزیشن لیڈر کے دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے معاملے میں وزیراعلیٰ کمار سوامی اپنے وعدے پر قائم نہیں رہ پائے۔

انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت حالانکہ گورنر کے خطبے کے ذریعے اپنی ترجیحات واضح کرچکی ہے، لیکن ان میں کسانوں کے قرضوں کے متعلق کچھ بھی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے واحد مقصد سے کٹر حریفوں کانگریس اور جنتادل (ایس) نے ہاتھ ملاکر سیاسی مفاد پرستی کی بدترین مثال پیش کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ مخلوط حکومت اپنے ہی اختلافات میں ختم ہوجائے گی۔ بجٹ پیش کرنے کے بعد وزیراعلیٰ کمار سوامی کی مشکلات میں اضافے کی پیشین گوئی کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ کانگریس اور جنتادل (ایس) کے درمیان باہمی تال میل کی کمی کھل کر سامنے آرہی ہے۔ انہیں اختلافات کی وجہ سے یہ حکومت زیادہ دنوں تک چلنے والی نہیں ہے۔


Share: